Dawaai Blog

نیند نہ آنے کی وجوہات

neend-nai-ana

Medically reviewed by Dr. Riaz Ali Shah.

نیند سے بڑی شاید ہی کوئی دولت ہو، نیند اللہ تعالیٰ کی ایسی نعمت ہے جو انسان تو کیا حیوانوں کے لیے بھی بہت ضروری ہے۔سائنسی، مذہبی اور اسلامی اعتبار سے دیکھا جائے تو نیند کی اپنی اہمیت ہےاور صحت کی ضامن بھی ہے۔

نیند لینے سے جسم کے تمام اعضا کو اآرام ملتاہے، یہی وجہ ہے کہ انسان دن بھر کاموں میں مصروف رہنے کے بعد جیسے ہی گھر آکر لیٹتا ہے تو نیند کی وادیوں میں چلا جاتا ہے۔جس سے اس کے اعصاب کو سکون ملتا ہے اور پھر وہ دوسرے دن ہشاش بشاش ہو کر دوبارہ سے زندگی کے معاملات سے جُڑ جاتاہے۔

طبی ماہرین کےنزدیک ایک عام شخص کے لیے رات کو آٹھ گھنٹے کی نیند لینا بہت ضروری ہے جس سے اس کے اعصاب کو بھرپور آرام اور تقویت ملتی ہے۔بھرپور نیند سے نظام انہضام درست رہتا ہے اور بدن سے سستی اور کاہلی دور ہوجاتی ہے۔

نیند کا نہ آنا خود ایک بیماری ہے،اور نیند کے لیے لوگ اپنی ساری عمر ادویات پر گزار دیتے ہیں۔اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آخر وہ کیا وجوہات ہوتی ہیں جو دماغ سے سکون اور آنکھوں سے نیند کو دور کردیتی ہیں۔

نیند نہ آنے کی وجوہات

ٹینشن ذہنی تنائو

نیند کا دماغ سے گہرا تعلق ہوتا ہے، ایسے افراد جو کسی پریشانی کا شکار ہیں یا انھیں کوئی ٹینشن ہے تو سب سے پہلے اس کا اثر ان کی نیند پر ہوتا ہے۔وہ اپنی نیند کھوبیٹھتے ہیں اور اس طرح انھیں مزید بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

طبیعت میں بھاری پن

ایسے افراد جو خوش خوراک ہوتے ہیں اور پیٹ بھر کے کھانا کھاتےہیں، ان کو اکثر ایسی صورت حال کا سامنا رہتا ہے۔خاص طور پر رات کو بہت زیادہ کھانا کھانے کے بعد فوراً سونے سے طبیعت میں بھاری پن پیدا ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے کھانا ہضم نہیں ہوپاتا اور اندر کی بے چینی نیند کو آنکھوں سے دور کردیتی ہے۔

نشہ آور اشیا کا استعمال

جو افراد خود کو فعال رکھنے اور نیند کو دور بھگانے کے لیے نشہ آور ادویات یا اور کسی چیز کا استعمال کرتے ہیں اس سے ان کی دماغی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے اور آنکھوں سے نیند رخصت ہوجاتی ہے، جس کے اثرات آگے چل کر سامنے آتے ہیں۔

ڈر اور خوف

خوف ایک ایسی بیماری ہے جو اندر سے انسان کو ختم کردیتی ہے،چاہے اس کا شکار کوئی بھی ہو،بچے ، بڑے، جوان، بوڑھے کوئی بھی ڈر اور خوف کی زد میں آسکتا ہے۔اکثر بچوں کو ڈر اور خوف کا شکار ہوتے دیکھا ہے جس کی وجہ سے وہ پلک جھپکنا بھی بھول جاتے ہیں ، نیند کے نہ آنے کی اہم وجوہات میں ڈر اور خوف بھی شامل ہے۔

جگہ کی تبدیلی

اکثر لوگوں کو یہ کہتے سنا ہے کہ اگر وہ اپنے گھر یا اپنے بستر کے علاوہ کہیں اور سونے کی کوشش کرتےہیں تو انھیں نیندنہیں آتی اور یہ حقیقت بھی ہے، جب انسان کسی ایک چیز کا مستقل عادی ہوجاتاہے تو اس کے لیے کہیں اور خود کو ڈھالنا فوری طور پر ممکن نہیں ہوتا۔یہ فطری اور نفسیاتی طور پر ایک خاص نکتہ ہے جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔

راتوں کو دیر تک جاگنا

کچھ لوگ رات کو دیر تک جاگنے کی عادی ہوتے ہیں، اسی طرح کچھ لوگوں کی جاب ایسی ہوتی ہے جس کی ذمے داری انھیں رات بھر انجام دیناپڑتی ہے ایسی صورت میں وہ رات کی نیند سے محروم ہوجاتے ہیں اور پھر کوشش کے باوجود بھی انھیں رات کی نیند میسر نہیں آتی جس کی کمی وہ دن میں پوری کرتے ہیں ، اور دن میں نیند پوری کرنے سے رات کی نیند کا ازالہ نہیں ہوسکتا کیوں کہ رات کی نیند قدرت کی طرف سے عطا کی گئی ہے، اسی لیے اس کے فوائد بھی الگ ہیں۔

پُرسکون نیند کے آسان طریقے

٭  خود کو ذہنی اور دماغی فکروں سے آزاد رکھیں، کوشش کریں کہ اگر کوئی فکر ہے بھی تو اس پر پریشان ہونے کی بجائے اس کا حل ڈھونڈیں ۔

٭  رات کو کھانا بہت زیادہ پیٹ بھر کر نہیں کھائیں، اور کم سے کم ایک گھنٹے کے بعد سونے کی تیاری کریں۔

٭  تیز مرچ مسالوں اور مرغن غذائوں سے پرہیز کریں تاکہ نظام ہاضمہ متاثر نہ ہو اور نیند بھی بھرپور آئے۔

٭  ایسی ادویات جن کو استعمال کر کے یہ محسوس ہو کہ اس کےبغیر نیند نہیں آتی ان کا استعمال فوراً ترک کردیں۔

٭  خود کو جگا کر رکھنے کے لیے نشہ آور اشیا کا استعمال کرنے سے گریز کریں، آج کل اسٹوڈینس میں یہ عادت بہت دیکھنے میں آرہی ہے جو سراسر نقصان دہ ہے۔

٭  اگر کوئی بے چینی ہے اور بار بار کروٹ بدلنے پر بھی نیند نہیں آرہی تو ایسے میں کوئی میٹھی چیز کھائیں، وہ نیند کا بہتر سبب بن سکتی ہے۔

٭  بہت زیادہ چائے یا کافی پینے کی عادت کو چھوڑ دیں اس سے بھی نیند پر گہرا اثر پڑتا ہے۔

فرخ اظہار

Share:

Facebook
Twitter
Pinterest
LinkedIn

Related Posts

مردوں میں بانچھ پن

Medically reviewed by Dr. Muhammad Ashraf Shera. اولاد سے بڑی دنیا میں شاید ہی کوئی نعمت ہو، انسان اولاد کے حصول کے لیے اپنی سی

پی سی او ایس کیا ہے؟

Medically reviewed by Dr. Unsa Mohsin. پی سی او ایس یعنی پولی سسٹک اووری سنڈروم یہ دراصل خواتین میں موجود ایک کیفیت کو ظاہر کرتی

Scroll to Top