Medically reviewed by Dr. Unsa Mohsin.
انسان کےلیے زمین پر اتاری جانے والی نعمتوںمیں سے کچھ ایسی بھی ہیں جو دیکھنے میں چھوٹی ، معمولی اور کم قیمت ہوتی ہیں لیکن ان کے فوائد پر نظر ڈالی جائے تو عقل حیران رہ جاتی ہے۔ایسی ہی نعمتوںمیں سونف خاص طور پر قابل ذکر ہے۔
سونف اپنی خوشبو کی وجہ سے الگ پہچان رکھتی ہے، سونف کو کچا اور پان میں شامل کر کے کھانے کے علاوہ اس کو کھانوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے جس سے کھانے کی خوشبو میں نہ صرف اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس کی خوشبو دور دور تک پہنچ جاتی ہے جو بھوک کی اشتہا کو بڑھاتی ہے۔
زمانہ قدیم سے مختلف کھانوںمیں استعمال ہونے کے علاوہ سونف اور بہت سی چیزوں کے لیے بھی استعمال میں لائی جاتی ہے، زمانہ قدیم کے ماہر طب ہوں یا عہد حاضر کے محققین سونف کی خاصیت، انفرادیت اور اہمیت سے کسی کو کوئی انکار نہیں ۔
سونف کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ ہر جگہ باآسانی دستیاب ہوتی ہے اور خصوصیات کے حوالے سے اتنی مہنگی بھی نہیں ہوتی کہ انسانی قوت خرید سے باہر ہو۔ حکیم اور ڈاکٹرز سونف کو بیماریوں میں بھی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں ۔
سونف سانسوں کو مہکاتی ہے اور ماحول کو خوشگوار بناتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ اکثرمحفلوںمیں کھانے کے بعد یا چائے کے ساتھ سونف خاص انداز میں پیش کی جاتی ہے جس سے منہ کا ذائقہ بھی اچھا ہوتا ہے اور ماحول بھی مسحور کن ہوجاتا ہے۔
سونف کو بادیان بھی کہا جاتا ہے ، بازاروںمیں اس کا عرق بادیان کے نام سے فروخت کیا جاتا ہے ، جو بیماری میں بھی شفا دیتا ہے اور کھانوں کی لذت کو بھی بڑھاتا ہے۔
سونف کی خصوصیات
سونف تاثیر میں ٹھنڈی ہوتی ہے، اس کو مختلف طریقوں سے کھایا اور استعمال کیا جاتا ہے۔ سونف کے ہر استعمال کی تاثیر ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے، سونف کو چبا کر کھانے، اس کے عرق کو پینے اور اس کو دیگر چیزوں کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے مختلف نتائج سامنے آتے ہیں۔
سونف خواتین کے لیے مفید
دودھ پلانے والی خواتین کے لیے سونف بہترین ترین مانی جاتی ہے۔
یہ دودھ کی مقدار کو بڑھاتی ہے اور بچے کی مکمل خوراک کا سبب بنتی ہے۔
سونف میں زنانہ ہارمون، ایسٹروجن جیسی خاصیت بھی ہوتی ہے اس لحاظ سے یہ خواتین کے لیے موثر ثابت ہوتی ہے۔
سونف ایام حیض میں بھی مفید اور موثر مانی جاتی ہے۔
حیض کی بے قاعدگی کو دور کرتی ہے ۔
ایام کے دوران سونف کا استعمال کمر کے درد کو رفع کرتا ہے۔
سونف کو کچا جبا کر کھانے سے جلد نرم و ملائم اوروقت سے پہلے جھریوں سے محفوظ رہتی ہے۔
سونف مردوں کے لیے مفید
سونف کا استعمال دماغ کو تقویت دیتا ہے اور تھکان دور کرتا ہے۔
سونف مردوں میں قوت باہ کو بڑھاتی ہے ۔
مردانہ کمزوری کو دور کرنے کے لیے سونف مختلف طریقوں سے استعمال کی جاتی ہے۔
سگریٹ نوشی اور نشہ آور ادویات کو ترک کرنے میں سونف حیرت انگیز طاقت رکھتی ہے۔
سونف مثانے کی کمزوری کو دور کرتی ہے اور پیشاب کے نظام کو بہتر بناتی ہے۔
سونف بچوں کے لیے مفید
سونف کا عرق بچوں کو پلانے سے بدہضمی دور ہوتی ہے ۔
سونف کو باریک پیس کر بچوں کے پیٹ پر ملنے سے اپھارہ کم ہونے لگتا ہے۔
دانت نکالنے کے دوران اگر سونف کا عرق بچے کو پلایا جاتا ہے تو تکلیف میں کمی واقع ہوتی ہے۔
سونف کو مصری کے ساتھ ملا کر کھلانے سے دماغ تیز ہوتا ہے ۔
سونف کا استعمال بچوں کے پیٹ میں ہونے والے کیڑوں کو بھی ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سونف دیگر بیماریوں کا علاج
سونف کھانے سے ہاضمہ درست رہتا ہے اور صحت بھی برقرار رہتی ہے۔
سونف بدہضمی دور کرتی ہے اور قے متلی جیسی کیفیت سے بھی فوری نجات دلاتی ہے۔
قدیم زمانے میں کھانوں کو تازہ رکھنے کے لیے سونف کا استعمال کثرت سے کیا جاتا تھا۔
سونف جگر اور معدے کو تقویت دیتی ہے ۔
بینائی کے لیے سونف جادوئی اثر دکھاتی ہے، بینائی تیز کرتی ہے اور آنکھوں کی روشنی کو بڑھاتی ہے۔
شوگر کو کنٹرول کرتی ہے اور دل کے امراض میں بھی مفید ہوتی ہے۔
سونف کا استعمال گلے کی بیماریوں کو دور کرتا ہے خاص طور پر بیٹھی ہوئی آواز سونف کھانے سے ٹھیک ہوجاتی ہے۔
سونف کو باریک پیس کر پانی سے استعمال کرنے سے بخار کی شدت میں کمی ہوتی ہے۔
سونف دائمی نزلے اور زکام کا شافی علاج تصور کی جاتی ہے۔
سینے کی جلن اور یرقان کے مرض میں سونف نفع پہنچاتی ہے۔
سونف کا مستقل استعمال گردوں کی صفائی کرتا ہے اور گردوں کے امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔
سونف پیشاب آور ہے اور گردے میں پتھری بننے کے عمل کو روکتی ہے۔
فرخ اظہار