Dawaai Blog

آئی بی ایس کیا ہے اور اس سے کیسے بچا جائے

man suffering from stomach pain

Medically reviewed by Dr. Muhammad Ashraf Shera.

آئی بی ایس کا کوئی خاص ٹیسٹ یا علاج نہیں ، اس کو علامات سے سمجھا جاتا ہے اور لائف اسٹائل میں تبدیلی لا کر اس سے بہت حد تک بچاجاسکتا ہے۔

آئی بی ایس اریٹیبل باؤل سنڈروم کا مخفف ہے، یہ مرض انتہائی چپکے سے انسانی جسم میں پھیلتا ہے اور انسانی زندگی کے نظام کو متاثر کرتا ہے ،اس کو بیماری کا نام نہیں دیا جاسکتا بلکہ ایک بے ترتیبی کی حالت کہا جاسکتا ہے، اس میں بڑی آنت متاثر ہوتی ہے، اس کی علامات کوئی ایسی خاص نہیں ہیں جس سے فوری طور پر اس کی جڑ کو پہنچا جا سکے بلکہ روز مرہ کی علامت ہوتی ہیں لیکن اگر مستقل ہوں تو یہ آئی بی ایس کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے

آئی بی ایس بہت ہی خاموشی سے انسان کے اندر پنپتی جاتی ہے اور ایک مخصوص وقت پر ظاہر ہوتی ہے، طبی ماہرین کے مطابق پانچ میں سے ایک مرد کو اس کی زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر آئی بی ایس ہوسکتا ہے، آئی بی ایس انسان میں 20سال کی عمر کے بعد ہوتا ہے۔

آئی بی ایس مردوں کے مقابلے میں خواتین کو زیادہ متاثر کرتی ہے، اکثر یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ یہ بیماری عمر بھر کا روگ بھی بن جاتی ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اور لائف اسٹائل میں تبدیلی لا کر اس میں بہتری کے امکان بڑھ جاتے ہیں،یہ اکثر مورثی بھی ہوتی ہے۔

آئی بی ایس کی درست وجہ کے بارے میں تو معلوم نہیں ہے لیکن جدید تحقیق یہ کہتی ہے کہ اس کا تعلق آنت کے بڑھنے، حساس ہونے اورہاضمے میں خرابی کا سبب ہوتا ہے، یہ ایسی بیماری ہے جو اثر انداز ہونے کے بعد بھی بہت دن تک سامنے نہیں آتی  لیکن اچانک یہ بیماری ظاہر ہوتی ہے

آئی بی ایس کیا ہے؟

یہ دراصل بڑی آنت میں معمول سے ہٹ کر تبدیلی کا ہونا ہے، آنت کے تمام حصے مائیکرو اسکوپ سے دیکھنے پر بھی نارمل نظر آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس کے بارے میں مریض کو فوری علم نہیں ہوتا،بس یاد رکھنے والی بات یہ ہے کہ آئی بی ایس کا حملہ کسی بھی عمر میں کسی پر بھی ہوسکتا ہے، لیکن نوجوانی کی عمر میں اس کی ابتدا ہوتی ہے۔

آئی بی ایس کی علامات

پیٹ کے مختلف حصوں میں درد کا ہونا

درد کا بار بار ہونا یا رک رک کر ہونا

پیٹ میں گیس کا ہونا

پیٹ میں مروڑ کا ہونا

مستقل قبض کا ہونا

اسٹول پاس کرنے میں تکلیف کا ہونا

پیٹ کا پھولنا اور ابھار کا آنا

قے اور متلی کی حالت کا مستقل رہنا

جسم میں درد اور سر کا بھاری ہونا

تھکاوٹ کا احساس بڑھ جانا

طبیعت میں چڑچڑاہٹ

معدے پر بوجھ کا ہونا

بدن میں سستی اور کاہلی

نیند کا ضرورت سے زیادہ آنا

بدہضمی کا مستقل رہنا

ڈکار کا بار بار آنا

اسٹول پاس کرتے ہوئے بدبو کا آنا

ڈائریا کا ہونا

یٹھ اور پٹھوں میں شدید درد کا ہونا

سینے میں جلن

بے چینی اور اضطراب

پیچش کا ہونا

یہ وہ علامات ہیں جو اگر مستقل پائی جائیں تو آئی بی ایس کو ظاہر کرتی ہیں، اس کے علاوہ اگر یہ علامت کبھی کبھی پائی جائیں تو اس کو آئی بی ایس کا نام نہیں دیا جاسکتا،آئی بی ایس کا ویسے تو کوئی خاص ٹیسٹ نہیں ہے، ڈاکٹرز اس کو علامات کے ذریعے تشخیص کرتے ہیں اور مریض کی مکمل ہسٹری سے اس بیماری کی تہ کو پہنچتے ہیں

اس کے علاوہ کچھ ٹیسٹ ایسے ہیں جن سے اس بیماری کو سمجھنے میں آسانی ہوسکتی ہے جس میں اسٹول ٹیسٹ، اینڈواسکوپی، سٹی اسکین  وغیرہ۔ علامت کے ساتھ ساتھ آئی بی ایس ہونے کی وجوہات کا جاننا بھی ضروری ہے تاکہ ان چیزوں سے بچا جائے جو اس کا سبب بنتی ہیں۔

آئی بی ایس کی وجوہات

آنتوں میں سوزش کا ہونا

شدید ذہنی دباؤ

مستقل ڈپریشن کی حالت میں رہنا

گرم چیزوں کا استعمال

آنتوں میں انفیکشن کا بڑھ جانا

غیر صحت مند غذا کا استعمال

تیز مرچ مصالحےدار کھانے

ہارمونزمیں تبدیلی

نشہ آوراشیا اورادویات کا استعمال

نیند کا پورا نا ہونا

آئی بی ایس میں احتیاط اورپرہیز

علامت ظاہر ہونے پر سب سے پہلے تو کسی مستند ڈاکٹر سے مشورہ کیا جائے اور ان کی تجویز کردہ ادویات کا استعمال کیا جائے ڈاکٹر کے مشورے کے عین مطابق، اس کے علاوہ لائف اسٹائل یعنی طرز زندگی میں تبدیلی پیدا کی جائے۔ ورزش کا خاص خیال رکھا جائے اور کھانوں میں ایسی غذائوں سے گریز کیا جائے جو آئی بی ایس جیسی تکلیف کا سبب بنے

آئی بی ایس میں احتیاط

باہر کےکھانے اور خاص طور پر فاسٹ فوڈ سے گریز

وقت بے وقت کھانا کھانے کی بجائے ایک وقت مقرر کیا جائے

نیند بھرپور لی جائے اور ذہنی دبائو سے خود کو دور رکھا جائے

ایسی غذائوں کا استعمال کریں جن میں فائبر پایا جاتا ہو

اسپغول کے چھلکے کا استعمال

جو اور گندم کا مکس کیا گیا آٹے کا استعمال

چربی، چکنائی اور تلی ہوئی چیزوں سے پرہیر

کھانا بہت زیادہ پیٹ بھر کے کھانے سے گریز

کھانا کم کم اور وقفے وقفے سے کھائیں

چائے اور کافی کا استعمال کم سے کم کریں

آئی بی ایس ہربل علاج

آئی بی ایس کو یوں تو لائف اسٹائل تبدیل کر کے اس کا مقابلہ کیا جاسکتاہے، لیکن قدرت نے جو نعمتیں ہمیں عطا کی ہیں ان میں ایسی خصوصیات رکھی ہیں جو ہمارے صحت کے لیے نہ صرف مفید ہیں بلکہ آئی بی ایس جیسی بیماری میں شفا کا درجہ بھی رکھتی ہیں ، یہ وہ گھریلو چیزیں ہیں جو ہر گھر میں پائی جاتی ہیں اور قیمت میں بھی مناسب ہیں اگر ان کو اپنی خوراک کا حصہ بنایا جائے تو آئی بی ایس سے بہت حد تک بچا جاسکتا ہے۔

سونف

موٹی سونف نظام ہاضمہ کو بہتر بناتی ہے، اس میں اینٹی فنگل اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائی جاتی ہیں، پیٹ کا بڑھنا، پیٹ میں گیس کا ہونا، بدہضمی اور قے اور متلی کی کیفیت کو کم کرتی ہے۔جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سونف کا تیل آئی بی ایس میں مفید ثابت ہوتا ہے، اس کے استعمال سے مریض کو فائدہ ہوتا ہے۔سونف کو پیس کر ابلتے ہوئے پانی میں ڈالیں کچھ دیر کے بعد ٹھنڈا ہونے پر اسے پی لیں، آنتوں کی سوزش اور آئی بی ایس میں افاقہ ہوگا۔

الائچی

الائچی اپنے ذائقے اور خوشبو کی وجہ سے زمانہ قدیم سے کھانوں میں استعمال کی جا رہی ہے، اس میں قدرت نے بہت سی خوبیاں رکھی ہیں جن میں سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس سے پیٹ میں اپھارا پیدا نہیں ہوتا، یہ نظام انہضام کو بہتر بناتی ہے اور سانسوں کو خوشبو بھی دیتی ہے۔کھانے کے بعدایک چمچ شہد میں پسی ہوئی الائچی ملا کر نیم گرم پانی کے ساتھ پینے سے پیٹ کی بے شمار بیماریاں دور ہوجاتی ہیں۔

دار چینی

دار چینی کھانوں کے ذائقے کو بڑھانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے اور صدیوں سے استعمال کی جار ہی ہے ، یہ آئی بی ایس کے شدید سے شدید درد کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، دار چینی میں جراثیم کش خصوصیات پائی جاتی ہیں،ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ دار چینی کا پائوڈراور اس میں نمک اور چینی ملا کر پینے سے پیٹ میں بننے والی گیس ختم ہوجاتی ہے اور آئی بی ایس کے شکار افراد کے لیے یہ بہت مفید اور نفع بخش ہے ۔

سونف

سونف قبض کے مرض کو دور کرتی ہے ، اس کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاسکتا ہے، یہاں تک کہ اس کو کھانے کے بعد چبا کر بھی کھایا جاتا ہے تاکہ کھانا جلد ہضم ہو اورپیٹ کے امراض بھی پیدا نہ ہوسکیں۔ طبی تحقیق کے مطابق سونف کے تیل کا استعمال آئی بی ایس کی علامات کوواضح کرتا ہے ۔

آملہ

آملہ ویسے تو آملہ بالوں کی نشوونما اور انھیں گھنا اور سیاہ بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے، لیکن اس کی دوسری خوبیوں پر نظر ڈالی جائے تو یہ جلاب آوربھی ہے یعنی قبض کو دور کرتا ہے اور پیٹ کا نظام بہتر بناتا ہے، آئی بی ایس میں آملہ کو خاص اہمیت حاصل ہے یہ دوا سے زیادہ تیزی سے کام کرتا ہے اور آئی بی ایس کے شکارافراد کو ان کی تکلیف سے نجات دلاتا ہے، یہ صحت مند نظام ہاضمہ کو برقراررکھنے میں بھی مدد کرتا ہے۔ آملہ کچا، سوکھا ہوا اوربوائل کیا ہوا ہر صورت میں پیٹ کی تکلیف کو دور کرتا ہے۔

Share:

Facebook
Twitter
Pinterest
LinkedIn

Related Posts

World Hepatitis Day

Let’s Eliminate Hepatitis

Medically reviewed by Dr. Muhammad Ashraf Shera. Let’s shine some light on Hepatitis which is not taken as seriously as it should be let’s discuss

Scroll to Top