Medically reviewed by Dr. Unsa Mohsin.
موسم کی تبدیلی جلد کے لیے بڑے مسائل لے کر آتی ہے۔موسم گرما ہو یا سردیوں کی خشک ہوائیں، انسانی جلد کو ہر طرح سے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔موسم اُس جلد پر اپنا اثر پہلے دکھاتاہے جو پہلے سے ہی کسی نہ کسی حوالے سے متاثر ہو۔کچھ
جو افراد غذا کا بھرپور خیال نہیں رکھتےان پر موسم سرما اپنا مزید رنگ جما دیتا ہے جس سے جلد پھٹنے اور خشک ہونے کے ساتھ یہ کیفیت ذہنی دبائو کا سبب بھی بن جاتی ہے۔
خوراک جتنی زیادہ اچھی ہوگی جلد بھی اتنی ہی چمک دار ہوگی۔موسم سرما کی سوغات جلد کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔اگر ان کے بارے میں معلومات حاصل ہوجائے تو موسم سرما میں بھی جلد کو حسین اور خوبصورت رکھا جاسکتا ہے۔
سرد موسم کہنے کو تو بہت اچھا لگتا ہےلیکن وہ افراد جن کی جلد خشک ہوتی ہے سردی ان کے لیے ایک امتحان بن کر آتی ہے۔خشک موسم کے اثرات جلد پر سب سے پہلے مرتب ہوتے ہیںایسے میںیہ جاننا بھی ضروری ہوتا ہے کہ اس صور ت حال سے کیسے نجات حاصل کی جائے۔
اکثر دیکھا گیا ہے کہ سردیوں کے موسم میں جلد بے جان اور کھردری ہوجاتی ہے جس کی واحد وجہ پسینے کا نہ آنا ہے۔جب گرمیوں کے موسم میں خوب پسینہ آتا ہے تو جلد نرم و ملائم ہوجاتی ہے۔سردیوں کے موسم میں چاروں طرف سے چلنے والی ہوائیں جلد کو خشک کر کے رکھ دیتی ہیں۔
سردیوں میں خشک جلد کی وجوہات
٭ ہاتھوں، پیروں، چہرے یا جسم پر کسی غیر معیاری اور سستی کریم کا استعمال۔
٭ چائے ، کافی یا الکحل کا ضرورت سے زیادہ استعمال۔
٭ سردیوں کے موسم میں خشک ہوائیں جو جلد پر اثر انداز ہوتی ہیں۔
٭ جسم میں پانی کی مقدار کا کم ہوجانا۔
٭ سرد موسم میں کمروں کی مصنوعی گرمی اور بہت زیادہ ہیٹر کے آگے بیٹھنا ۔
٭ جلد پرغیر معیاری صابن یا لوشن کا استعمال۔
جلد کی حفاظت کے لیے
٭ جو افراد سردیوں کے موسم میں جلد کے حوالے سے پریشان رہتے ہیں انھیں چاہیے اپنی جلد کے مطابق اس کا خیال رکھیں۔
٭ دودھ، دہی، لسی ، جوس اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔
٭ رس دار پھل اور سبزیاں اپنی غذا میں ضرور شامل رکھیں تاکہ جلد صحت مند رہے۔
٭ سردیوں کے موسم میں ہونٹ پھٹنے کی شکایت دور کرنے کے لیے لیموں اور شہد کے رس میں آدھا چمچ ارنڈ کا تیل ملا لیں اور پھر رات کو سونے سے پہلے اس آمیزے کو ہونٹوں پر لگائیں، صبح ہونٹ ملائم اور تروتازہ دکھائی دیں گے۔
٭ موسم سرما میں ہونٹوں کے پھٹ جانے کی صورت میںدن بھر میں زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔
٭ سردی کے دنوں میں رات کو سونے سے قبل اگر پیروں اور خاص طور پر ایڑیوں پر ناریل کا تیل لگا کر اسے ڈھانپ لیا جائے تو ایڑیاں پھٹنے سے بچ جاتی ہیں۔
٭ سردیوں کے موسم میں جلد پر کولڈ کریم لگا کر سوئیں۔
٭ سردیوں میں غسل کرنے سے قبل تیل کا مساج ضرور کریں۔
سردیوں میں جلد کے لیے مفید غذائیں
گاجر
خشک موسم میں جلد کو اینٹی ایجنگ سے بچانے کے لیے گاجر بہت مفید ہے، گاجر میں وٹامن اے اور بیٹا کیروٹین اینٹی ایجنگ ایجنٹ ہیں جو جلد کو خشک اور سردموسم کی ہوائوں سے بچاتے ہیں۔گاجر کو کھانے میں استعمال کیا جائے تو خشک موسم میں اینٹیج ایجنگ سے بچائو ممکن ہے۔
عناب
عناب ایک بہت ہی بہترین دوا ہے، جو آپ کی عمر کو ایک راز کی طرح چھپا کر رکھتا ہے۔خاص طور پر سرد موسم میں جب جلد خشک ہوتی ہے تو یہ خاص طور پر حفاظت کرتا ہے، عناب کا استعمال جلد کے لیے بہت مفید ہے۔
عرق گلاب
سرد موسم جب خشک جلد کو متاثر کرتا ہےتو ایسے میں عرق گلاب اس کا بھرپور دفاع کرتاہےکیوں کہ عرق گلاب میں اینٹی ایجنگ اور اینٹی آکسیڈنٹ خوبیاں پائی جاتی ہیں۔ایک بوتل عرق گلاب میں تھوڑا سا کافور پیس کر اچھی طرح ملانے کے بعد اگر چہرے پر لگایا جائے تو سرد موسم میں خشک جلدمیںنمی پیدا ہوجاتی ہے اور جلد گلاب کی طرح کھل اٹھتی ہے۔
پپیتا
جہاں بھی جلد کی خوبصورتی، جلد میں نکھار کی بات آتی ہے پپیتا لازم و ملزوم نظر آتا ہے۔پپیتے میں جلد کی حفاظت کے لیے ایسی حیرت انگیز خصوصیات پائی جاتی ہیں کہ انسانی عقل دنگ رہ جائے۔پپیتا وٹامنA سے بھرپور ہوتا ہے۔200سے 250گرام روزانہ پپیتے کا استعما ل سرد موسم میں خشک جلد کو متاثر ہونے سے بچاتا ہے۔
لیونڈر آئل
خواتین کا سرد موسم میں جلد کو خشکی سے بچانے کا بہترین علاج لیونڈر آئل ہے۔یہ آئل اینٹی ایجنگ جلد کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے جادوئی اثر رکھتا ہے۔سرد موسم جیسے ہی قدم رکھے خواتین کو چاہیے کہ اپنی جلد کی حفاظت کے لیے لیونڈر آئل کا استعمال شروع کردیں اور پھر اینٹی ایجنگ جلد کے اثرات سے خود کو محفوظ بنائیں۔
وٹامن بی 7
جلد میں وٹامن بی 7 کی کمی جلد میں خشکی پیدا کرتی ہے، خاص طور پر موسم سرما میں جلد خشکی کا شکار ہوجاتی ہے۔موسم کی تبدیلی کے ساتھ اگر ایسی غذائیں لی جائیں تو وٹامن بی 7 کی کمی کو پورا کریں تو یہ ایک بہترین علاج ہے۔وٹامن بی 7حاصل کرنے کا سب سے اچھا انڈے کا استعمال ہے اسے اپنی غذا کا حصہ ضرور بنائیں۔
سیب
خشک موسم میں جلد کو محفوظ رکھنے کے لیے سیب حیرت انگیز فوائد رکھتا ہے۔سیب کا گودا ماسک کے طور پر جلد پر لگانے سےجلد چکنی اور ملائم ہوجاتی ہے، سرد موسم میں جلد پر خشکی اثر انداز نہیںہوتی ، اس ماسک کے استعمال سے چہرہ ستارے کی طرح جگمگا اٹھتا ہے۔
بادام
بادام وٹامن ای اور ایک اینٹی آکسائیڈنٹ سے بھرپور ہوتے ہیں جو صحت مند جلد کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں خاص طور پر بادام کھانے سے جلد چمک دار ہوجاتی ہے اور جلد میں تنائو بھی پیدا ہوتا ہے جس سے جلد میں مزید نکھار آجاتا ہے۔
مچھلی
موسم سرما میں مچھلی کھانے کا اپنا ہی لطف ہے۔مچھلی جلد میں نزاکت اور خوبصورتی لانے کے لیے بہترین غذا ہے۔مچھلی سے جلد ہی نہیں بال بھی چمک دار ہوتے ہیں اور صحت بھی اچھی رہتی ہے۔
مونگ پھلی
مونگ پھلی میں اعلیٰ درجے کی پروٹین وافر مقدار میں موجود ہوتی ہے۔اس کا روغن حسن و جمال میں اضافے کے لیےاستعمال کیا جاتا ہے۔یہ بیرونی جلد کی نشوونما کرتا اور خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔مونگ پھلی کا تیل دودھ اور عرق گلاب میں ملا کر لگانے سے سردیوں میں جلد کا روکھاپن ختم ہوجاتا ہے۔
کینو
سردیوں میں پانی کم پیا جاتا ہے قدرت نے اس کی کمی پوری کرنے کے لیے کینو کو موسم سرما کا پھل بنایا، تاکہ پھل کی صورت میں جسم کو پانی مل سکے۔ کینو جلد کی صحت کے لیے نہایت مفید پھل ہے ، کینو میں موجود وفامن سی اور اینٹی اوکسیڈنٹ جلد کو صحت مند رکھنے ،داغوں کو دور کرنے اور نکھار پیدا کرنے میں فائدہ ماد ثابت ہوئے ہیں۔